ٹنڈوالہٰیار، پی ٹی سی ایل عملے کی من مانیوں کیخلاف صارفین کا احتجاج

40

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) ٹنڈوالہٰیار میں پی ٹی سی ایل عملے کی من مانی سے صارفین کی ڈی ایس ایل سروس میں مصنوعی خرابی پیدا کرنے پر صارفین نے احتجاج کا اعلان کیا ہے، اس ضمن میں مقامی صارفین نے اعلیٰ سطحی شکایات بھی تحریری صورت میں ارسال کردی ہیں جبکہ ڈائریکٹر پی ٹی سی ایل حیدر آباد شاہ میر لونڈ کو بھی شکایات پیش کی ہیں اور پی ٹی سی ایل کی ہیلپ لائن اسلام آباد پر بھی انٹرنیٹ کی شکایات درج کرائی گئی، صارفین کو یقین دہانی کے سوا کچھ نہیں ملا، نہ انٹرنیٹ سروس بحال ہوئی اور نہ کوئی عملہ اس شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے رابطہ کیا۔ حکام نے صارفین کو یقین دلایا کہ متعلقہ عملے کی نااہلی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور صارفین کو بہتر سروس فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے گا۔ قبل ازیں صارفین نے انہیں شکایات پیش کیں کہ پی ٹی سی ایل عملہ مصنوعی خرابی پیدا کرکے پریشان کرنے کے علاوہ ایکسچینج سے صارفین کے فون نمبر کو غیرقانونی طور پر استعمال کررہا ہے اور کالوں کا بل صارفین کو بھرنا پڑ رہا ہے، جبکہ خرابی کی شکایات پر کوئی کام نہیں کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ عید سے قبل ٹنڈوالہٰیار میں ڈی ایس ایل اور ٹیلیفون خراب کرکے عیدی بٹورنے کی کوشش کی گئی تھی۔ صارفین کی شکایات پر اب عملے نے ضد کرکے خرابیوں کو برقرار رکھا ہوا ہے اور کام کرنے سے انکار کردیا ہے، جس سے صارفین شدید مالی اور ذہنی پریشانی کا شکار ہوچکے ہیں، اس کے باوجود انٹرنیٹ کی سروس درست نہیں ہوسکی ہے۔