وفاقی حکومت کی جانب سے پیش بجٹ عوام دشمن ہے، عبدالجبار خان

23

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے وفاقی حکومت کے بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو عوام کے مسائل اور اُن کی تکلیف سے کوئی سروکار نہیں۔ وہ صرف اور صرف سیاسی انتقامی کارروائی پر اُتری ہوئی ہے۔ مخالف جماعتوں کی قیادت اور اُن کے سرکردہ رہنماؤں کیخلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات بناکر انہیں گرفتار کیا جارہا ہے۔ حکومت کی 9ماہ کی کارکردگی کو دیکھ کر آنے والے دنوں کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کیونکہ یہ سلیکٹڈ حکومت ہے اور اس کے پاس نہ تو کوئی منصوبہ بندی اور نہ ہی کوئی پروگرام ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کنٹینر پر چڑھ کر جو باتیں کرتے تھے اب اقتدار میں آنے کے بعد اس کے الٹ کام کررہے ہیں۔ بجٹ بھی آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بنایا گیا ہے اور اشیا صرف کی قیمتیں بھی آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لیے بڑھائی جارہی ہیں، جس سے غریب عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ ملک پہلے ہی معاشی بدحالی کا شکار تھا، پی ٹی آئی کی حکومت کے آنے کے بعد رہی سہی کسر بھی پوری ہوگئی ہے۔ اب اس حکومت کے قائم رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ یہ عوام دشمن حکومت ہے جس نے آکر غریب کے گھر کا چولہا بھی ٹھنڈا کردیا ہے اور اگر یہی حالت رہی تو پھر بھوک اور بدحالی کا شکار غریب عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے۔