سکھر کے قدیمی قبرستان محمد شاہ میں قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کی جائے، شہریوں کا مطالبہ

29

سکھر (نمائندہ جسارت) قبرستان پر قبضے اور قبروں کو مسمار کرنے کیخلاف شہریوں کا احتجاجی مظاہرہ و نعرے۔ اہل محلہ ورکشاپ روڈ سکھر کے مکینوں کی بڑی تعداد نے علاقے میں قدیمی قبرستان پر قبضہ مافیا کی جانب سے قبروں کو مسمار کرکے تعمیرات کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ملوث افراد کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین میں شامل علاقہ مکینوں ساجد بھٹی، پریل گڈانی، شبیر سومرو، لطف اللہ، الطاف بھٹو، آصف سومرو و دیگر نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے کے بااثر افراد نے اپنے گھروں کی غیر قانونی تعمیرات کے لیے قدیمی قبرستان محمد شاہ میں آبائو اجداد کی قبروں کو مسمار کردیا ہے، ایسے غیر قانونی عمل کیخلاف علاقہ مکینوں نے عدالت سے بھی رجوع کر رکھا ہے لیکن بااثر ہونے کی بنا پر مذکورہ افراد نے دوبارہ قبروں کو مسمار کرکے گھر کی تعمیرات شروع کردی ہے۔ منع کرنے پر علاقہ مکینوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ مظاہرین نے حکام بالا سے نوٹس لے کر ملوث افراد کیخلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے قبرستان کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔