مہاتیر محمد کا ڈاکٹر ذاکر نائیک کو بھارت کے حوالے نہ کرنے کا اعلان

35

کوالالمپور (انٹرنیشنل ڈیسک) ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ وہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کا تحفظ یقینی بنائیں گے اورانہیں بھارت کے حوالے نہیںکیا جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ملائیشیا میں رہایش اختیار کرنے کا حق حاصل ہے۔ جب تک بھارت میں ان کے ساتھ منصفانہ سلوک اور ان کے خلاف غیر جانب دار عدالتی ٹرائل کے ثبوت فراہم نہیں کیے جاتے، ڈاکٹر نائیک کو بھارت کے حوالے نہیں کیاجائے گا۔
نائیجیریا: دیہات پر نا معلوم افراد کے حملے‘47 افراد ہلاک
ابوجا (انٹرنیشنل ڈیسک) نائیجیریا کے صوبے نائیجر کے دیہات پر نامعلوم افراد کے حملے میں 47 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ملکی ادارے کے مطابق حکام نے 47 لاشیں برآمد کرلی ہیں، جب کہ کئی افراد زخمی ہیں۔ ادارے کے سربراہ صالحو گاربہ کے مطابق علاقے سے 2 ہزار افراد نقل مکانی کر چکے ہیں، جن میں سے 500 کو عارضی کیمپ میں رکھا گیا ہے اور انہیں انسانی امداد کی سخت ضرورت ہے۔