ایرانی ملیشیا کی معاونت کا الزام امریکا نے عراقی کمپنی پر پابندیاں لگا دیں

26

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے عراق میں قائم کمپنی اور اس کے 2ذیلی اداروں پر ایرانی القدس فورس کی معاونت کے الزام میں پابندیاں عائد کردیں۔ کمپنی پر سپاہ پاسدارا ن انقلاب کی القدس فورس کے لیے کروڑوں ڈالر کا اسلحہ اسمگل کرنے کا الزام ہے۔ امریکی وزیر خزانہ اسٹیون منوچن نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کا محکمہ ایران کو اسلحہ اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات کررہا ہے۔ اس جال کو القدس فورس نے عراق میں اپنی علاقائی تنظیموں کو مسلح کرنے کے لیے استعمال کیا، جب کہ ان کے ذریعے حکومت کو اندرونی طور پر مالا مال بھی کیا گیا۔
ائرپورٹ پر حوثیوں کے میزائل حملے پر ایران کو سعودی انتباہ
ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب نے ابہا ائرپورٹ پر یمنی باغیوں کے میزائل حملے کی ذمے داری ایران پر عائد کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکی دے دی۔ سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کا اپنی ملیشیا کے ذریعے جارحیت اور اشتعال انگیزی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔ دوسری جانب امریکی وزارت دفاع نے سعودی ہوائی اڈے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے خطے میں ایرانی کردار کی بری مثال قرار دیا۔ سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے نے بھی ایران پر حملوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔