ایم کیو ایم کے ناراض ارکان نے متحدہ کا اصل چہرہ دکھا دیا ، سعید غنی

50

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ یہ قیامت کی نشانیوں میں سے ایک ہے کہ ایم کیو ایم والے یہ کہیں کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کو تباہ کردیا جبکہ یہ حقیقت سب کے سامنے عیاں ہیں کہ اس شہر کو تباہ کس نے کیا اور بالخصوص لوکل گورنمنٹ کے اداروں کے ایم سی، کے ڈی اے ، واٹر بورڈ، ایم ڈی اے ، ایل ڈی اے سب کو ایم کیو ایم نے تباہ کیا۔کراچی میں پانی، سیوریج اور کچڑے کے نظام کو تہس نہس بھی ایم کیو ایم نے ہی کیا اور اس بار بھی انہوں نے رمضان میں انہوں نے پلان کے تحت پانی کے نظام کو ٹمپر کیا۔ اس وقت ایم کیو ایم تحریک انصاف کی بی ٹیم بن کر کام کررہی ہے ۔علیم عادل شیخ اگر کرپشن کا الزام لگائے تو یہ قیامت کی نشانیوں میں سے ایک ہے ۔ تحریک انصاف سمیت اپوزیشن جماعت کے بہت سے ارکان ہمارے رابطے میں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ گذشتہ روز ایک بار پھر اپوزیشن بالخصوص تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی نے طوفان بدتمیزی برپا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اوپر سے ملنے والے احکامات کی پیروی کررہے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ احتجاج جمہوریت کا حسن ہوتا ہے لیکن جس انداز اور جس بدتمیزی کا مظاہرہ اپوزیشن جماعتوں اور بالخصوص اپوزیشن لیڈر کی جانب سے کیا گیا وہ قابل افسوس ہے اور مجھے تو اپوزیشن لیڈر کے رویہ اور ان کے الفاظوں کے استعمال کے بعد ڈر لگنے لگا ہے کہ وہ کہی کاٹ نہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ان احتجاج کرنے والوں جن میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی دونوں کے ارکان اسمبلی شامل تھے انہوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا، جس پر لکھا ہوا تھا کہ سندھ کے چور مچائیں شور جبکہ شور بھی وہ خود ہی مچا رہے تھے ، ہم تو خاموش بیٹھے تھے ۔ سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ہی کسی ناراض ارکان نے ایم کیو ایم کا حقیقی چہرہ ان کے سامنے رکھ دیا اور پلے کارڈ بنا کر ان کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قیامت کی نشانیوں میں سے ایک ہے کہ ایم کیو ایم والے یہ کہیں کہ پیپلز پارٹی نے کراچی کو تباہ کردیا جبکہ یہ حقیقت سب کے سامنے عیاں ہیں کہ اس شہر کو تباہ کس نے کیا اور بالخصوص لوکل گورنمنٹ کے اداروں کے ایم سی، کے ڈی اے ، واٹر بورڈ، ایم ڈی اے ، ایل ڈی اے سب کو ایم کیو ایم نے تباہ کیا اور واٹر بورڈ میں انہوں نے اپنے دہشتگردوں کو نوکریاں دی۔ سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں پانی، سیوریج اور کچڑے کے نظام کو تہس نہس بھی ایم کیو ایم نے ہی کیا اور اس بار بھی انہوں نے رمضان میں انہوں نے پلان کے تحت پانی کے نظام کو ٹمپر کیا۔ سیوریج کا نظام بوریاں اور پتھر ڈال کر تباہ کیا۔