ٹریفک حادثات میں بچے سمیت 4 افراد جاںبحق، 4 زخمی

33

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ٹریفک حادثات میں 10 سالہ بچے سمیت 4افراد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر قائم تفریحی پارک کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل پر سوار خاتون اور مرد کو کچل دیا ، خاتون موقع ہی پر جاں بحق ہوگئی، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو فوری طور ایمبولنس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا، جہاں پر متوفیہ خاتون کی شناخت 18 سالہ ماویا دختر بدرودین جبکہ زخمی کی شناخت 20 سالہ بلال ولد بدر الدین کے ناموں سے کی گئی۔ پولیس نے بتایا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے آپس میں بہن بھائی تھے ، جو کہ کسی کام کے سلسلے میں جارہے تھے۔اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گلشن حدید فیز 2نیشنل ہائی وے پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار خاتون سمیت 3افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ائر پورٹ کے علاقے ائر پورٹ تھانے کے قریب نامعلوم گاڑی کی زدمیں آکر ایک شخص زخمی ہوگیا ، جسے ایمبولنس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں پر دوران علاج دم توڑ دیا۔نیو کراچی صنعتی ایریا کے علاقے نیو کراچی چڑھائی اسٹاپ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد زخمی ہوگئے ، جن کو طبی امداد کے لیے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا ، جہاں پر دوران علاج ایک شخص نے دم توڑ دیا ۔درخشاں کے علاقے سی ویو ساحل سمندر پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے ایک بچہ شدید زخمی ہو گیا جس کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اس نے دم توڑ دیا ،پولیس نے بتایاکہ اسپتال میں متوفی کی شناخت 10سالہ فرحان کے نام سے کی گئی جو کہ نیو کراچی کا رہائشی تھا اور اہل خانہ کے ہمراہ تفریح کے لیے آیا تھا۔