یونیورسٹی روڈ پر مسلح افراد شہری سے نئی کار چھین کر فرار

40

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں ڈاکو بے لگام ،یونیورسٹی روڈ سے مسلح افراد شہری سے نئی کار چھین کر فرار ہوگئے، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پرآنے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔سچل پولیس کے مطابق شہری شعیب الرحمن اپنے برادر نسبتی نجیب اللہ کے ساتھ حلیم سینٹر کے قریب دوا لینے کی غرض سے آیا تھا ،گاڑی کے مالک نجیب اللہ کا کہنا تھا کہ دوا لینے کی غرض سے گاڑی دکان پر روکی تو ملزمان نے دھاوا بول دیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 3 ملزمان نے دن دہاڑے واردات کی، ملزمان نے اسلحہ کے زور پر شعیب الرحمن کو ڈرائیونگ سیٹ سے پچھلی سیٹ پر دھکیل دیا اور اس پر جائے نماز ڈال دی ، اسی دوران تیسرا ملزم بھی گاڑی میں سوار ہوگیا اور ملزمان کرولا گاڑی لے کر فرار ہوگئے ،سچل پولیس نے واقعے کا مقدمہ 307/019درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔