کرپشن سے پاک معاشرے کی تشکیل میں سول سرونٹس کا کردار اہم ہے،گورنر

39

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ میرٹ کی بالادستی اور کرپشن سے پاک معاشرے کی تشکیل میں سول سرونٹس کا کلیدی کردار اہمیت کا حامل ہے ۔سیاسی حکومت پالیسی تشکیل دیتی ہے اور اس پر متعلقہ افسران ہی عملدرآمد کراتے ہیں،اس ضمن میں افسران کی اولین ذمے داری ہے کہ وہ معاشرے میں حکومتی پالیسی کا مکمل عزم،محنت اور پیشہ ورانہ طریقہ سے نفاذ بہر صورت یقینی بنائیں جبکہ افسران اپنے تجربہ اور قابلیت کی بنیاد پر مسائل کے حل کے لیے فیصلے فوری جاری کریں کیونکہ تاخیر سے مسائل جنم لیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کراچی میں 25 ویں سینئر مینجمنٹ کورس مکمل کرنے والے افسران سے خطاب کے دوران کیا۔ گورنرسندھ نے کورس مکمل کرنے والے افسران کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ کورس مکمل کرنے والے افسران پیشہ ورانہ مہارت ، اہلیت اور تجربہ سے وفاقی و صوبائی سطح کے مسائل کے حل میں اپنا کردار مزید موثر انداز سے ادا کرسکیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا ہم سب اس وقت اس مرحلے میں ہیں جہاں ہم آنے والی نسلوں کے لیے کچھ کر سکتے ہیں، تاکہ آئندہ آنے والی نسلوں کو قرضوں میں ڈوبا ہوا ملک کے بجائے روشن پاکستان ان کے حوالے کرسکیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر ملک کی ترقی و استحکام میں اپنا حصہ ڈالیں۔