کے الیکٹرک شہریوں کی زندگی سے کھیل رہی ہے، اسحاق خان

36

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شدید گرمی اور ہیٹ ویو میں بجلی اور پانی کی بندش شہریوں کی زندگی سے کھیلنے کے مترادف ہے۔اورنگی ٹائون ،بلدیہ ،میٹروول، بنارس، منگھوپیر سمیت ضلع غربی اور کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی سے شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ شہریوں پر پانی کی بندش کا عذاب بھی مسلط کردیا گیا ہے۔K3 سے ضلع غربی کی سپلائی بند کرکے واٹر بورڈ نے ضلع کو کربلا بنا دیا ہے ۔کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ اپنا قبلہ درست کرے بصورت دیگر بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع غربی محمد اسحاق خان نے عمرے سے واپسی پر اپنے اخباری بیان میں کیا۔محمد اسحاق خان نے کہا کہ ٹینکر مافیا کو بلا روک ٹوک پانی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ۔ضلع غربی کو کم سپلائی کے باعث اکثر علاقوں میں ہفتوں اور مہینوں بعد عوام کو پانی سپلائی کیا جارہا ہے۔واٹر بورڈ کی آن لائین ٹینکر سروس فیل ہو گئی ہے۔ گرمی میں اضافے کے ساتھ ساتھ سپلائی میں کمی واٹر بورڈ کی نااہلی کا ثبوت ہے۔اسحاق خان نے کہا کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ اپنا قبلہ درست کرے۔عوام کے ساتھ ظلم کرنے والے افسران کا محاسبہ ضروری ہے۔ عوامی مسائل پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے ۔مسائل حل نہ ہوئے تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔