بجٹ کی کڑوی گولیاں میٹھی کرکے نگل لیں،فردوس عاشق اعوان

75

اسلام آباد(آن لائن)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بجٹ عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے ، وزیر اعظم نے اس بجٹ میں جو ترجیحات طے کی ہیں وہ آنے والی نسل اور ملک کو آگے لے جانے کے لیے اس میں کچھ کڑوی گولیاں ضروری ہیں۔ اسلام آباد میں میں وفاقی وز یرخوراک محبوب سلطان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ان کڑوی گولیوں کو ’شوگر کوٹڈ‘ کرکے آپ نگلیں تاکہ کڑواہٹ محسوس نہ ہو اور آرام ضرور آئے، مجھے امید ہے کہ یہ بجٹ بالاخر آپ کو وقت درد اور تکلیف سے آرام دلانے میں ایسی دوائی کا کام کرے گا جس کو نگلتے ہوئے کڑواہٹ محسوس ہوگی لیکن بعد میں ہر قسم کی تکلیف سے نجات مل جائے گی۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یہ گولیاں معیشت کے ساتھ جڑی تکلیفوں کے لیے ہے، سیاست کے لیے گولیاں الگ ہیں۔دوران گفتگو سیاسی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ روز ایک راج کماری نے کنیزوں کے جھرمٹ میں جس طرح کے لب و لہجے میں بات کی ان کا یہ تکبر اور غرور یہ اشارہ دے رہا ہے کہ شریف خاندان نے نشان عبرت بن کر بھی کوئی سبق نہیں سیکھا‘۔یہ نشان عبرت ہے کہ ملک کا 3 مرتبہ وزیر اعظم رہنے والا پاناما کی کرپشن اور لوٹ مار کی کہانیوں کا شکار ہو، 22 کروڑ عوام کو یہ معلومات پاناما کے ذریعے ملیں کہ ملک کا سربراہ لوٹ کھسوٹ کرپشن میں ملوث ہوکر باہر اپنے خاندان کی جائدادیں بنانے میں مصروف رہا۔مریم نواز کے بارے میں انہوں نے مزید کہا کہ جس انداز میں بات کرکے وہ ہمارے اعصاب کو دیکھ رہی ہیں وہ دعوت دے رہی ہیں کہ میری اوقات مجھے کیوں نہیں دکھاتے۔انہوں نے مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی اوقات میں رہیں اور اگر اپنی زبان ٹھیک نہیں کی تو بہت کچھ کہنے کو موجود ہے ۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کیے گئے کمیشن کے سربراہ کا اعلان آئندہ ہفتے کریں گے اور اس کے ضابطہ کار کو حتمی شکل دینے جارہے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر خوراک صاحبزادہ محبوب سلطان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ 1970 میں پاکستان کو سنگاپور، ملائیشیا رول ماڈل کے طور پر دیکھتے تھے اور ہماری پیروی کرتے تھے لیکن آج ہم کہاں اور وہ ممالک کہاں پہنچ گئے ہیں، جس کی وجہ ہماری سابق حکومتوں نے حکومت اور اپنی ذاتی مفاد کو ترجیح دی اور ملک کے بارے میں نہیں سوچا، تاہم اگر اتنی کرپشن کے باوجود یہ ملک چل رہا ہے تو اس کی بڑی وجہ اللہ کا کرم، پاک فوج اور اشیا خورونوش میں خود کفیل ہونا ہے۔