کراچی میں سی ویو پر گو کارٹ گاڑی نے بچے کی جان لے لی

162

کراچی کے ساحلی مقام سی ویو پر چلنے والی گو کارٹ گاڑی کی ٹکر سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا جس کے بعد سی ویو پر چلنے والی گاڑیوں پر فی الوقت پابندی عائد کردی گئی۔

گزشتہ رات سی ویو پر  10 سالہ بچے کی ہلاکت کا واقعہ گو کارٹ گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا جو اہلخانہ کے ہمراہ ساحل پر تفریح کے لیے آیا ہوا تھا۔

گو کارٹ گاڑی کا ڈرائیور بچے کو ٹکر مار کر فرار ہوگیا جب کہ پولیس کی جانب سے  ڈرائیور کے ساتھی اور ٹھیکے دار کو زیرحراست لے لیا گیا۔

پولیس کے مطابق سی ویو پر گو کارٹ گاڑی کی ٹکر سے ہونے والے حادثے کی تحقیقات جاری ہیں اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد سے مفرور ڈرائیور کی تفصیلات لی جارہی ہیں اور وہ جن افراد کی نشاندہی کر رہے ہیں اس کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب ایس پی کلفٹن سوہائے عزیز کی جانب سے سی ویو پر گو کارٹ گاڑی چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کے بعد غروب آفتاب کے بعد گوکارٹ گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔