نیب نے زرداری کیخلاف ایک اور ریفرنس تیار کرلیا

45

 

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک+ آن لائن)سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کے خلاف نیب نے ایک اور ریفرنس تیار کرلیا۔نیب ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کے خلاف پارک لین اینڈ پیراتھینن کا ضمنی ریفرنس تیار کرلیا گیا ہے اور نیب ایگزیکٹو بورڈ 48 گھنٹے میں ضمنی ریفرنس کی منظوری دے گا۔ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس (کل) جمعرات کو منعقد ہونے کا امکان ہے۔علاوہ ازیںاسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترکیانی پرمشتمل ڈویژن بینچ نے جعلی اکاؤنٹس کے پارک لین کیس میں سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی
درخواست ضمانت پر سماعت17جون تک کے لیے ملتوی کردی۔گزشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزارکی طرف سے ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں پیش ہو کر کہا کہ آصف زردای سے ہدایات لینی تھیں لیکن ان کو لایا ہی نہیں گیا،آصف زرداری کی عدالت میں موجودگی ضروری ہے،استدعاہے کہ عدالت آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرے،جس پرجسٹس عامرفاروق نے کہاکہ آصف زرداری گرفتار ہو چکے ہیں،کیا ریاست انہیں عدالت میںپیش کرنے کی پابند ہے، اس پروکیل نے کہاکہ اگر عدالت پروڈکشن آرڈر جاری کرے تو پیش کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پرنیب پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہاکہ آصف زرداری جوڈیشل لاک اپ میں نہیں جسمانی ریمانڈ پر ہیں،جسمانی ریمانڈ سے ہم ایسے ہی انہیں عدالت نہیں لا سکتے،اگر عدالت پروڈکشن آرڈر جاری کرے تب ہی انہیں عدالت میں پیش کر سکتے ہیں، اس پرعدالت نے فاروق نائیک کو الگ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ آصف زرداری کو استثنا دلوانا ہے یا پروڈکشن آرڈر الگ درخوست دائر کریں،جس پرفاروق ایچ نائیک نے کہاکہ میں کل تک الگ درخواست دائر کر دوں گا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 17 جون تک ملتوی کردی۔ جب کہ اسی عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں علی کمال مجید سمیت 5 ملزمان کی درخواست ضمانت نمٹا دی ۔گزشتہ روزعلی کمال مجید، ابوبکر زرداری، سہیل احمد میمن ، میر محمد ، ملک بشیر کی الگ الگ درخواست ضمانت پرسماعت کے دوران نیب حکام کی طرف سے بیان دیاگیاکہ ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے اس لیے گرفتاری کی ضرورت نہیں ہے۔ عدالت نے نیب کے بیان کی روشنی میں پانچوں ملزمان کی درخواستیں نمٹادیں۔
ایک اور ریفرنس