وفاقی بجٹ تاجر برادری پر ظلم کی انتہا ہے،فاروق شیخانی

33

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد فاروق شیخانی نے تاجر برادری کی جانب سے سال 2019-20 کے بجٹ کو تاجر و صنعتکاروں کے لیے ظالمانہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے یہ حکومت آئی ہے کئی منی بجٹ دے کر مہنگائی کا طوفان برپا کر چکی ہے۔ اب امید تھی کہ بجٹ میں تاجر برادری کو ریلیف دیا جائے گا لیکن ٹیکسٹائل، سریا، ماربل اور سیمنٹ پر سیلز ٹیکس میں اضافہ کر کے حکومت نے ٹیکسٹائل اور بلڈرز کے کاروبار کو تباہ کرنے کا
تہیہ کرلیا ہے۔ جب صنعتیں تباہ ہوجائیں گی تو حکومت کو ٹیکس کہاں سے ملے گا اور جب ملکی مصنوعات تیار نہ ہوں گی اور برآمدات کم ہوں گی تو ملک کو زرمبادلہ بھی نہیں مل سکے گا جس سے قومی نقصان ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ برآمدات پر صفر ریٹنگ ختم کر کے کوئی اچھا اقدام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیر مملکت برائے ریوینیو حماد اظہر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تاجروں اور عوام دُشمن بجٹ میں لگائے گئے بے جا ٹیکسوں پر نظر ثانی کریں تاکہ تاجر برادری اور عوام بجائے دبائو کے ریلیف حاصل کر سکیں۔
فارو ق شیخانی