الخدمت عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کررہی ہے‘حافظ نعیم

27

کراچی(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی کراچی وصدرالخدمت حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے الخدمت محدود وسائل کے باوجود عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کررہی ہے ۔حکومت کے کرنے کے کام الخدمت کررہی ہے ۔عوام کی خدمت رضائے الٰہی کے لیے کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال گلشن حدید میں منعقدہ عید ملن تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایگزیکٹوڈائریکٹر راشد قریشی نے خطاب کیا،نگران اسپتال ڈاکٹر عبدالمالک نے کارکر د گی رپورٹ برائے 2018ء پیش کی جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر
عبدالقادرسومرونے خطبہ استقبالیہ دیا۔ تقریب میں ڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف نے شرکت کی۔ تقریب میںاسپتال کے ملازمین کی سالانہ کارکردگی کو سراہا گیا اوربہترین کارکرگی کے حامل کارکنوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسپتال کے کارکن جذبہ خدمت کے تحت کام کریں ۔ اسپتال میں آنے والے مریضوں اور ان سے وابستہ افراد کوحسن اخلاق کے ذریعے اچھا تاثر اور پیغام دیں ، حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ الخدمت کے صحت مراکز عوام کی خدمت میں مصروف ہیں ۔صحت کے شعبے میں اپنے کاموں کے دائرے کو مزید بڑھا نا چاہتے ہیں ۔ایگزیکٹو ڈائر یکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال میں اعلیٰ و ادنیٰ سب انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیںاوریہ خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کررہے ہیں تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ ان کی خدمات کو تحسین پیش کرنا نہایت ضروری ہے اوراسی لیے اس تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ قبل ازیں نگران الخدمت فریدہ یعقوب اسپتال ڈاکٹر عبد الملک نے کہا کہ اسپتال میں خدمت کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوںجن کی بہترین صلاحیتوں کی بدولت لاکھوں مریض اسپتال سے استفادہ کرچکے ہیں۔
حافظ نعیم