کراچی کی بربادی کی ذمے دار تینوں حکمران پارٹیاں ہیں، راشد نسیم

48

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ کراچی کی بربادی اور تباہی کی ذمے دار تینوں حکمران پارٹیاں ہیں ۔ مرکز میں پی ٹی آئی ، صوبے میں پی پی پی اور کراچی میں ایم کیو ایم کی حکومت ہے ۔ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے مگر یہاں کے شہریوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں ۔ شہر کچرے کا ڈھیر بن چکاہے ۔ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں اور سیوریج کے پائپ پھٹنے سے جگہ جگہ گندے پانی کے جوہڑ بن چکے ہیں جن سے اٹھنے والے تعفن نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔ منی پاکستان کی تباہی کی ذمے دار اقتدار میں موجود پارٹیاں ہیں ۔ عوام مزید ان کے دھوکے
میں آنے کے بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے لیاقت آباد کراچی میں عید ملن کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ضلعی امیر فاروق نعمت اللہ خان اور زونل امیر بھی موجود تھے ۔ راشد نسیم نے کہاکہ 70 سال سے ملک میں ایک ہی طبقہ اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہے ۔ یہ طبقہ مختلف پارٹیوں کے جھنڈے اٹھا کر اور نعرے لگا کر اقتدار میں آتاہے اور پھر عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان کے لیے مسائل اور مشکلات پید ا کرتاہے ۔ انہوںنے کہاکہ آج اگر عوام کو جہالت کے اندھیروں ، غربت اور مہنگائی کے تھپیڑوں اور لوڈ شیڈنگ کی تاریکیوں کا سامناہے تو اس کے اصل مجرم یہی حکمران ہیں ۔ موجودہ حکمران پارٹی میں مسلم لیگ ، پی پی پی اور مشرف کی باقیات جمع ہو گئی ہیں یہ نااہلوں اور ناکام لوگوں کا ٹولہ ہے جس سے کسی بہتری کی امید نہیں کی جاسکتی ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کے 10 ماہ ناکامیوں کی طویل داستان ہے ۔ ملک کے حالات صرف قرآن کے آفاقی نظام سے تبدیل ہوسکتے ہیں ۔ جماعت اسلامی کی تمام تر جدوجہد کا مقصد ملک میں نظام مصطفیؐ کا نفاذ ہے ۔ عوام موجودہ گھمبیر صورتحال سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔
راشد نسیم