بارش سے متاثر ہرمیچ کا متبادل دن نہیں رکھ سکتے ،آئی سی سی

48

ٹانٹن( وائس آف ایشیا) جنوبی افریقا کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کے ہر میچ کا متبادل دن رکھنا ممکن نہیں۔بیان میں ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ بارش سے متاثر ہونے والے ورلڈ کپ کے ہر میچ کا ریزرو ڈے رکھنا ممکن نہیں تھا، ہر متاثرہ میچ کا متبادل دن رکھتے تو ٹورنامنٹ کی مدت بڑھ جاتی، افرادی قوت بھی بڑھ جاتی۔ڈیوڈ رچرڈسن نے مزید کہا کہ اس وقت ٹورنامنٹ کے انعقاد کیلئے 1200 افراد کام کررہے ہیں، ایونٹ کے ناک آئوٹ مرحلے میں بارش کی صورت میں متبادل دن رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کا موجودہ موسم غیر متوقع ہے، دو روز میں تاریخی بارشیں ہوگئیں، گزشتہ سال جون میں صرف دو ملی میٹر بارش ہوئی، اس مرتبہ 24 گھنٹوں میں 100 ملی میٹر بارش ہوئی۔ آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں ایک ایڈیشن میں بارش کے باعث زیادہ میچز کے منسوخ ہونے کا یہ پہلا موقع ہے۔ انگلینڈ میں رواں ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں اب تک 16 میچز میں سے 3میچز بارش کی نذر ہو چکے ہیں جو کہ کسی بھی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کے ایک ایڈیشن میں بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے والے میچز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ میگا ٹورنامنٹ میں اب تک جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز، پاکستان اور سری لنکا اور سری لنکا اور بنگلا دیش کے درمیان میچز بارش کے باعث منسوخ ہو گئے۔ 3 میں سے 2 میچز میں ایک بھی گیند کا کھیل ممکن نہیں ہو سکا۔ واضح رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ کی ٹیم مسلسل 3 فتوحات کے بعد سرفہرست ہے۔