ٹینس رینکنگ،جوکووچ پہلی پوزیشن پربرقرار،فوگنینی ٹاپ 10 میں

27

پیرس (جسارت نیوز) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی طرف سے جاری کردہ ٹینس کی تارہ ترین عالمی رینکنگ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں میں سربین سٹار نوویک جوکووچ اور خواتین کے سنگلز مقابلوں میں جاپان کی نائومی اوساکا بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ ریکارڈ 12ویں مرتبہ فرنچ اوپن ٹائٹل جیتنے والے رافیل نڈال نے دوسری پوزیشن مزید مستحکم کر لی، کیرن خچانووف اور فابیو فوگنینی کی ٹاپ10 میں انٹری ہوئی ہے، فرنچ اوپن چیمپئن ایشلی بارٹی 6 درجے ترقی پا کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئیں۔ سیمونا ہالپ 5 درجے تنزلی کے بعد8ویں نمبر پر چلی گئیں۔ جوہانا کونتا کی دوبارہ ٹاپ ٹوئنٹی میں واپسی ہوئی ہے، سرینا ولیمز ٹاپ10 سے باہر ہو گئیں۔ انٹرنیشنل ٹینس کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اے ٹی پی رینکنگ کے تحت سربیا کے نوویک جوکووچ بدستور سرفہرست ہیں۔ اسپین کے رافیل نڈال فرنچ اوپن ٹائٹل جیتنے کے باوجود دوسرے نمبر پر برقرار ہیں۔ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ آسٹریا کے ڈومینک تھیم چوتھے نمبر پر ہیں، جرمنی کے الیگزینڈر زویرو5ویں نمبر پر ہیں۔ یونان کے سٹیفانوس چھٹے نمبر پر ہیں۔ جاپان کے کئی نیشیکوری 7ویں نمبر پر ہیں۔ جنوبی افریقا کے کیون اینڈرسن 8ویں نمبر پر ہیں۔ کیرن خچانووف اور فوگنینی2,2 درجے بہتری کے بعد بالترتیب 9ویں اور10ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ جان اسنر اور جان مارٹن ڈیل پوٹرو تنزلی کے بعد ٹاپ10 سے باہر ہو گئے۔ اسٹین واورینکا 9 درجے چھلانگ لگا کر دو12 ٹاپ ٹوئنٹی میں شامل ہو گئے۔ روبرٹو باٹسٹا نے بھی ایک سیڑھی چڑھ کر20ویںپوزیشن سنبھال لی۔ دوسری جانب ڈبلیو ٹی اے رینکنگ میں جاپانی کھلاڑی نائومی اوساکا بدستور پہلے نمبر پر قابض ہیں۔ آسٹریلوی کھلاڑی اور فرنچ اوپن چیمپئن ایشلی بارٹی نے 6 درجے ترقی پا کر دوسری پوزیشن سنبھال لی۔ جمہوریہ چیک کی کیرولینا پالیسکووا تیسرے نمبر پر ہیں۔ ہالینڈ کی کی کی برٹنز پیٹرا چوتھے نمبر پر ہیں۔ جمہوریہ چیک کی کویٹووا ایک، یوکرائن کی ایلینا سویتولینا 2 اور بیلاروس کی ایرینا سبالینکا ایک سیڑھی اوپر چڑھ کر بالترتیب 5یں، 7ویں اور10ویں نمبر پر پہنچ گئیں ہیں۔ امریکا کی سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز ایک درجہ تنزلی کے بعد ٹاپ 10 سے باہر ہو گئیں۔ جمہوریہ چیک کی مرکیٹا وونڈروسووا 22 درجے لمبی چھلانگ لگا کر اور برطانوی جوہانا کونتا 8 درجے بہتری کے بعد بالترتیب 16ویں اور 18ویں نمبر پر پہنچ گئیں ہیں۔