ملک محمد خان شہید فٹبال ،بلوچ الیون نے ینگ تغلق کو شکست دیدی

65

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آل کراچی ملک محمد خان شہید یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ 2019 زیراہتمام لائٹ آف بلوچ فٹبال کلب۔گبول پارک لیاری میں جاری ینگ تغلق اور بلوچ الیون کے درمیان ہونیوالے میچ میں بلوچ الیون نے ینگ تغلق کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا۔ینگ تغلق کی ٹیم نے کھیل کے ابتداء سے ہی اپنے حریف بلوچ الیون کی ٹیم کو دبائو میں رکھا۔ینگ تغلق کے معروف فاروڈ نزیر ڈانگا عبید بپن نے پہلے یاف میں متعدد یقینی مواقع ضایع کیے۔بلوچ الیون کے تجربہ کار پلیرز نے ینگ تغلق کی مظبوط فاروڈ لائن کے حملوں کو مکمل طور پر ناکام بنایا۔میچ کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔دوسرے ہاف کے شروع ہوتے ہی بلوچ الیون کے فاروڈ مبین نے گول کرنے کا اچھا موقع ضایع کیا۔میچ کے 32ویں منٹ میں بلوچ الیون کے گل محمد نے بہترین گول اسکور کرکے اپنی ٹیم بلوچ الیون کو ایک گول کی برتری دلادی۔ینگ تغلق کی ٹیم نے ایک گول کے خسارے کو ختم کرنے کرنے کے لیے کاونٹر اٹیک کرنا شروع کیے۔اس دوران ینگ تغلق کے باقر۔عبید ببن نے یکے بعد دیگرے گول کرنے کے مواقع ضایع کیے۔کھیل کا اختتام بلوچ الیون کی ایک صفر کی جیت سے ہوا۔دوسرے میچ میں ماریپور بلوچ اور ینگ نوالین کی ٹیمیں نبرد آزما تھی۔دونوں ٹیموں نے شاندار پاسنگ اور بہترین موومنٹ کے زریعے شائقین فٹبال سے داد تحسین وصول کیا۔پہلے ہاف کے 19ویں منٹ میں ماریپور بلوچ کی جانب سے عابد کے بہترین کراس پر مڈفیلڈر سمیر نے ہیڈ کے زریعے گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی۔اس دوران ینگ نوالین کے فاروڈ کی جانب سے گول برابر کرنے کے لیے ماریپور بلوچ کے گول پر متعدد حملے کیے لیکن ان کے فاروڈ کامیابی حاصل نہ کرسکے۔میچ کا پہلا ہاف ماریپور بلوچ کے حق میں ایک صفر رہا۔دوسرے ہاف میں ماریپور بلوچ کی ٹیم نے ینگ نوالین کی ٹیم پر مکمل دباو برقرار رکھا۔میچ کے 38 ویں منٹ میں سمیر نے کراس بال پر ایک اور خوبصورت گول اسکور کرکے مقابلہ دو صفر کردیا۔اس گول کے فورا” بعد ماریپور بلوچ کے متبادل کھلاڑی تسیم نے گول کرکے ماریپور بلوچ کو تین صفر کی برتری دلادی۔میچ کا اختتام سے چند لمحے قبل ماریپور بلوچ کے تسیم نے ایک اور گول اسکور کردیا۔اس طرح میچ کا اختتام ماریپور بلوچ کی چار صفر کی جیت سے ہوا۔ ان میچوں میں ریفری کے فرائض اختر کوچ اور آصف نے انجام دیے جبکہ معاونت میں یوسف فیفا آصف اور نبیل میچ کمشنر کے فرائض ندیم بلوچ برادرز نے انجام دیے۔