زرداری اور حمزہ کے بعد اب مولانا فضل الرحمان کی باری ہے،چودھری غلام حسین

21

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں ) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئر صحافی و تجزیہ کار چودھری غلام حسین نے انکشاف کیا کہ اب اگلی باری مولانا فضل الرحمان کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا نام اْن لوگوں میں شامل ہے جنہوں نے لوٹ مار کی ہوئی ہے اور آمدن سے زائد اثاثہ جات بنائے ہوئے ہیں۔ سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ ان الزامات میں اب مولانا فضل الرحمان
بھی جلد ہی گرفتار ہونے والے ہیں۔نیب کے پاس ان کے حوالے سے شواہد بھی موجود ہیں اور نیب نے مزید ضروری شواہد اور ثبوت اکٹھا کرنے شروع کر دیے ہیں۔ خیال رہے کہ رواں ہفتے کا آغاز اپوزیشن پر کافی بھاری رہا۔ پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ضمانت کی درخواست مسترد کی جس کے بعد نیب نے انہیں زرداری ہاؤس سے حراست میں لے لیا ، اور بعد ازاں گذشتہ روز احتساب عدالت نے انہیں 21 جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کی جس کے بعد نیب کی ٹیم نے حمزہ شہباز کو بھی حراست میں لے لیا۔ اور پھر لندن سے ایک خبر موصول ہوئی کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو گرفتار کر لیا ہے۔ پاکستان میں گذشتہ دو روز کے دوران ہونے والی گرفتاریوں نے سیاست میں بھی ایک ہلچل مچا دی ہے۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی دلچسپ تبصرے ہورہے ہیں جبکہ مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سیاسی حلقوں میں اس حوالے سے کافی بے چینی بھی پائی جا رہی ہے۔
فضل الرحمان کی باری