سوڈان میں فریقین سول نافرمانی ختم کرنے پر متفق

30

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈان میں احتجاجی تحریک کے رہنماؤں نے سول نافرمانی کی مہم ختم کرنے اور حکمراں عبوری فوجی کونسل کے ساتھ مذاکرات کی بحالی سے اتفاق کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ فیصلہ ایتھوپیا کی جانب سے ثالثی کی کوششوں کے بعد سامنے آیا ہے۔ ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے ایک مذاکرات کار محمود ضریر نے خرطوم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحاد برائے آزادی اور تبدیلی نے سول نافرمانی کی مہم ختم کرنا قبول کرتے ہوئے فریقین نے اقتدار جلد سول انتظامیہ کے حوالے کرنے کے لیے مذاکرات کی بحالی سے بھی اتفا ق کیا ہے۔ محمود ضریر گزشتہ ہفتے ایتھوپیا کے وزیراعظم ابی احمد کے دورے کے بعد سے خرطوم ہی میں مقیم تھے اور وہ سوڈان میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے حزب اختلاف کے رہنماؤں اور فوجی جرنیلوں سے ملاقاتیں کررہے تھے۔ احتجاجی تحریک نے الگ سے ایک بیان میں لوگوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سول نافرمانی کی تحریک ختم کردیں اور اپنے کاموں پر واپس آ جائیں، تاہم بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عوام کسی بھی وقت احتجاج دوبارہ شروع کرنے کے لیے بھی تیار رہیں۔ دوسری جانب حزبِ اختلاف کے اس اقدام کے جواب میں عبوری فوجی کونسل نے بھی سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مغربی کنارے میں اسرائیلی چھاپے بچوں سمیت مزید 20 فلسطینی گرفتار
مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں چھاپا مار کارروائیوں میں 2بچوں سمیت 20 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔ علاوہا زیں قابض فوج نے طولکرم سے 20 سال کی سزا پوری کر کے چند ماہ قبل رہا ہونے والے حماس رہنما رافت ناصیف سمیت 4 فلسطینی شہری گرفتار کیے۔