ہانگ کانگ میں پُرتشدد مظاہرے جاری‘ اسمبلی کا اجلاس ملتوی

22

ہانگ کانگ (انٹرنیشنل ڈیسک) ہانگ کانگ کی دستور ساز اسمبلی نے مشتبہ افراد کو چین کے حوالے کرنے کے بل کی دوسری رائے شماری مؤخر کر دی۔ اس سلسلے میں بدھ کی صبح اجلاس طلب کیا گیا تھا لیکن پھر اسے ملتوی کر دیا گیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق شہری بل کی شدید مخالفت جاری رکھے ہوئے ہیںاور مظاہرین نے پارلیمان جانے والے راستوں کو بند کر رکھا ہے۔ واضح رہے کہ ہانگ کانگ کی اسمبلی 20جون کو خصوصی مسودہ قانون کی منظوری دینا چاہتی ہے،جب کہ 10 لاکھ شہریوں نے اتوار کے روز مظاہرے کی منصوبہ بندی کررکھی ہے۔
اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے 6 مکان اور دیگر عمارتیں مسمار کر دیں
مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں فلسطینیوں کے 6 گھروں اور دیگر عمارتوں کو منہدم کر دیا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق وادی اردن میں 5 گھروں، مشرقی بیت المقدس کے قالندیہ مہاجر کیمپ میں ایک زیر تعمیر گھر اور دیگر زیر تعمیر عمارتوں کو مسمار کیا گیا۔ انہدامی کارروائی سے قبل اسرائیلی فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شہریوں کو قریب آنے کی اجازت نہیں دی۔ اسرائیلی بلدیہ کے بلڈوزر پولیس اور فوج کی بھاری نفری کے ساتھ علاقے میں پہنچے۔