سعودی ائرپورٹ پر حوثیوں کے میزائل حملے‘ 26 زخمی

43

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب کے جنوب مغربی شہر ابہا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثی باغیوں کے میزائل حملے میں 26 شہری زخمی ہو گئے۔ یمن میں سرگرم سعودی عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثیوں کی جانب سے ابہا ائرپورٹ پر بدھ کی صبح میزائل فائر کیے گئے، جن کے پھٹنے سے 26 افراد زخمی ہوئے۔ فوجی ترجمان نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں 3 خواتین اور 2 بچے بھی شامل ہیں۔ زخمی خواتین میں ایک یمنی، ایک بھارتی اور ایک سعودی خاتون ہیں، جب کہ 8 افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔حملے سے ائرپورٹ کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔کرنل ترکی المالکی کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والے میزائل کی شناخت کی جا رہی ہے، تاہم حوثیوں کی ویب سائٹ کے مطابق یہ حملہ کروز میزائل سے کیا گیا، جس سے ہوائی اڈے کا واچ ٹاور تباہ ہوا۔حوثی باغیوں کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ میزائل حملے کے بعد ابہا ائرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل کر دیا گیا۔ یہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران حوثیوں کا سعودی عرب میں کسی ہوائی اڈے پر دوسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل مئی کے تیسرے ہفتے میں حوثیوں نے جنوبی سعودی صوبے نجران میں ائرپورٹ پر اسلحہ کے ایک ڈپو کو نشانہ بنایا تھا۔حوثیوں کے مسیرہ ٹی وی کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اس حملے میں ’’کے ٹو قصیف ڈرون‘‘ کا استعمال کیا گیا ہے۔ حوثیوں کے مطابق اس حملے کے بعد وہاں آگ بھڑک اٹھی۔سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے سعودی اتحاد کے ترجمان نے کہا تھا کہ دھماکاخیز مواد سے لیس ایک ڈرون کے ذریعے اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو عام لوگوں کے زیراستعمال تھیں۔اس سے قبل سعودی ٹی وی العربیہ نے عینی شاہدین کے حوالے سے خبر دی تھی کہ مکہ مکرمہ کو میزائل سے نشانہ بنانے کی حوثی باغیوں کی کوشش کو ناکام بنایا گیا ہے۔ جب کہ حوثی باغیوں نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی تھی کہ انہوں نے مسلمانوں کے مقدس ترین شہر کو میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ سعودی عرب نے ابہا کے ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کا الزام ایرانی پاسداران انقلاب پر عائد کیا ہے۔ سعودی حکام کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے پاسدران انقلاب کی جانب سے مہیا کیے جانے والے اسلحہ سے اس ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب مصر نے اس صورتحال میں ریاض حکومت کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی قاہرہ نے سعودی سرزمین پر ہر طرح کے حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ یاد رہے کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشمکش کے باعث یہ خطہ اس وقت کشیدگی کا شکار ہے۔