سینیٹ قائمہ کمیٹی دفاع کا اجلاس کل ہوگا، 6 نکاتی ایجنڈا جاری

27

اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس کل جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا، اجلاس کا6 نکاتی ایجنڈا جاری کیاگیا ، اہم دفاعی معاملات کے محرکین سینیٹر جہانزیب جمالدینی، سینیٹر محمد سیف اور سینیٹر نعمان وزیر خٹک کو خصوصی دعوت پر مدعو کیا گیا ہے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک اور سیکرٹری دفاع کو اجلاس سے آگاہ کردیا گیا ہے، دستیاب ایجنڈے کے مطابق اجلاس کی کارروائی کے دوران وزارت دفاع اور اس کے ذیلی اداروں کی کارکردگی، فرائض اور ذمے داریوںسے آگاہ کیا جائے گا، سیکرٹری دفاع کو شمالی وزیرستان کی خارقمر چیک پوسٹ پر ہونے والے ناخوشگوارواقعے پر بریفنگ کی ہدایت کی گئی ہے ۔ یاد رہے کہ اس واقعے کے حوالے سے 2 ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر خان زیر حراست ہیں اور چیک پوسٹ پر پیش آنے والے واقعے کے حوالے سے ان پر الزامات عاید کیے گئے ہیں۔ کمیٹی کو اس سانحے میں جاں بحق اور زخمیوں کو معاوضے دینے سے بھی آگاہ کیا جائیگا۔ اجلاس کی کارروائی کے دوران سروے آف پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے تقرر ، بھارت کی طرف سے ایل او سی کی خلاف ورزی اور معصوم شہریوں کی اموات کے واقعات، سرحد پر بھارت اور افغانستان کے ساتھ کشیدہ صورتحال پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔پاک فوج کے جوانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سیاچن کے دفاع سے متعلق امور پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔