پاکستان افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار جاری رکھے گا، شاہ محمود قریشی

53

اسلام آباد (اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر امن تعلقات کا حامی ہے،ملک کے معاشی استحکام اور اپنی سفارتکاری کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنا رہے ہیں، پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار جاری رکھے گا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو وزارت خارجہ میں مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کے چھٹے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سابق سفراء،سابق خارجہ سیکرٹریز، ماہرین عالمی امور اور دیگر ارکان مشاورتی کونسل نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی او آئی سی اجلاس میں شرکت، چینی نائب صدر کے حالیہ دورہ پاکستان سمیت اہم علاقائی و عالمی امور زیر بحث آئے۔ وزیر خارجہ نے مشاورتی کونسل کے ارکان کو وزیراعظم عمران خان کے او آئی سی اجلاس میں خطاب کے مندرجات اور چینی نائب صدر وانگ چی کشان کے دورہ پاکستان اور اس دوران طے پانے والے معاہدات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ارکان مشاورتی کونسل نے او آئی سی اجلاس میں وزیراعظم عمران کی طرف سے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور ناموس رسالت کے حوالے سے واضح اور دو ٹوک مؤقف اپنانے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ چینی نائب صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ، برابری کی بنیاد پرپرامن تعلقات کا حامی ہے، پاکستان کے معاشی استحکام اور اپنی سفارتکاری کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنا رہے ہیں،پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار جاری رکھے گا۔