ـ2020ء میں عمران خان کی حکومت کاخاتمہ ہوجائیگا‘منظور وسان

37

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظور حسین وسان نے حکومتی وزرا کے لیے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2020ء میں عمران خان کو حکومت میں نہیں دیکھ رہا،وفاقی وزرا تحریک انصاف،جی ڈی اے رہنما اور ایم کیو ایم والے بھی پکڑ میں آنے والے ہیں،سال 2020ء وفاقی حکومت کے لیے بڑا مشکل سال ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر وڈیو بیان میں کیا۔ منظوروسان نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے 2 وزرا پیپلز پارٹی سے رابطے میں ہیں،بہت جلد اعلان کریں گے۔ انہوں نے عمران خان کے متعلق پیش گوئی کی کہ جنوری 2020ء تک عمران خان کو مجبوراً لندن جانا پڑے گا،جولائی سے تحریک انصاف کے لیے مشکلات پیدا ہونا شروع ہوں گی،آنے والے دنوں میں وزرا اور تحریک انصاف کے رہنما بھی پکڑ میں آئیں گے، جی ڈی اے کے رہنمائوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اپوزیشن کی گرفتاریاں اورحالات حکومت کو چلتا کرنے کا طریقہ اور حکومت مخالف تحریک کو مضبوط کرنے کے لیے کیا گیا ہے،حکومت کے لیے بجٹ منظور کرانا مشکل ہوگا،بجٹ میں مشکلات پیدا کی جائیں گی،آئندہ جنوری تک ماحول ٹھیک ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ متحدہ پاکستان، لندن والے قائد کے ساتھ ہے مگر اسٹیبلشمنٹ کے ڈر سے خاموش ہے، سال 2019ء بڑا اہم ہے اور بھی مزید فیصلے ہونے والے ہیں،عید قربان سے پہلے آصف علی زرداری کو ریلیف مل جائے گا۔