پاکستان عالم اسلام کی اُمیدوں کا مرکز ہے‘پیر علی رضا بخاری

34

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن پیر علی رضا بخاری اور سینیٹر ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان عالم اسلام کی اُمیدوں اور توقعات کا مرکز و محور ہے اور پوری دنیا کے مسلمان واحد اسلامی ایٹمی مملکت پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور استحکام وسلامتی چاہتے ہیں مگر دشمنان اسلام قوتیں اپنے مخصوص مقاصد اور شیطانی ایجنڈے کی تکمیل کے لیے اپنے زرخرید ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں امن عامہ کو تہہ و بالا کرنیکی سازشیں کرتے رہتے ہیں، شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی چیک پوسٹوں پر ہونے والے حملے اور پی ٹی ایم کے لبادے میں پاکستان کی سلامتی کے خلاف جاری سازشیں ہی دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کی کارستانیوں کا تسلسل ہے، اس لیے پوری پاکستانی قوم کو علاقائی، مذہبی، لسانی اور دیگر جملہ تضادات و تعصبات کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا اور متفقہ قومی بیانیہ پیغام پاکستان کے عین مطابق پرامن مثالی معاشرے کی تشکیل کے لیے سول سوسائٹی کے تمام سنجیدہ طبقات کو میدان عمل میں آنا ہوگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے شہید پاکستان کانفرنسوں کے سلسلے میں ہونیوالی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں علما، سیاسی و مذہبی رہنمائوں سمیت مدارس کے اساتذہ اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔رہنمائوں نے کہا کہ وطن عزیز میں امن کی بحالی کے لیے پاک فوج کی خدمات اور قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا اور پاکستان کے دفاع و استحکام کی خاطر جاری جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی تاکہ وطن عزیز کو دہشت گردی اور انتہاپسندی کی لعنت سے مکمل طور پر پاک اور صاف کیا جاسکے۔تقریبات میں پیغام پاکستان قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کی گئیں، ان قراردادوں میں کہا گیا کہ اسلام امن وسلامتی کا دین حق ہے اور آنحضور کی تعلیمات میں عالم انسانیت کو امن و سلامتی کا درس دیا گیا ہے، دہشت گردی اسلامی نظریات اور قرآنی تعلیمات کے منافی ہے، اس لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے پاکستان کی بہادر فوج اور دوسرے ریاستی ادارے قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں، اس لیے پاکستان کے تمام شہریوں کی ذمے داری ہے کہ وہ ریاست کے آئین کی اطاعت کرتے ہوئے تحفظ پاکستان کی جنگ میں اپنے ملک کی بہادر افواج کا بھر پورساتھ دیں۔