حمزہ شہباز کی گرفتاری کے دوران ہنگامہ آرائی، لیگی کارکنان کیخلاف مقدمہ درج

32

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز کی گرفتاری کے دوران پولیس اور نیب اہلکاروں کے ساتھ ہنگامہ آرائی کرنے والے لیگی کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق پنجاب پولیس نے پرانا تھانہ انار کلی میں لیگی کارکنوں کے خلاف ہنگامہ آرائی، دھمکیاں دینے اور کار سرکار میں مداخلت کے الزام میں مقدمہ درج کیا۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ لیگی خاتون کارکن فرزانہ بٹ مشتعل ہوگئیں اور لاہور ہائیکورٹ میں ڈیوٹی پر مامور کانسٹیبل علی رضا کو تھپڑ مار دیا۔ لیگی کارکنان نے ایس آئی محمد اقبال اور کانسٹیبل رانا عمار احمد کو سڑک پر تشدد کا نشانہ بنایا۔