آئی ایم ایف کی غلامی نے حکمرانوں کو قوم کا خون چوسنے پر لگادیا ہے،ذکراللہ مجاہد

49

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی غلامی نے حکمرانوں کو قوم کا خون چوسنے پرلگا دیا ہے۔ وفاقی بجٹ میں بھی موجودہ حکمرانوں نے قوم کو مایوس کیا ہے۔ بجٹ میں 105 ارب کے نئے اضافی ٹیکسز غربیوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھینے کے مترادف ہے۔ مہنگائی کے حوالے سے حکومت نے اپنا وطیرہ نہ بدلا تو پوری قوم سٹرکو ں پر نکلنے پر مجبور ہوگی۔ تبدیلی اور مدینہ کی ریاست کا نعرہ لگانے والے حکمران مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ بجٹ کے نام پر غریبوں اور سفید پوش طبقات کا استحصال کیا جارہا ہے۔ حکمران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے روز مرہ استعمال میں آنے والی اشیا گھی، چینی، گوشت، سی این جی، مشروبات سمیت دیگر چیزوں کے نرخ بڑھا دیے ہیں جو قابل مذمت ہے۔ عام آدمی دووقت کی روٹی کے کیلیے ترس رہا ہے اور حکومتی وزراء کیلیے 50 ملین گھروں کی آرائش کا کوٹا رکھنا غریبوں پر ظلم ہے۔ ملک وقوم کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ہمارے معاشی فیصلے حکمران نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی ہدایات پر ہو رہے ہیں، جس کا واضح ثبوت وفاقی بجٹ کی صورت میں قوم کے سامنے ہے۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے 6 1 جون کو مال روڈ پر ہونے والے عوامی مارچ کے حوالے سے پریس کلب لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف، صدر جے آئی یوتھ لاہور صہیب شریف، نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ، صدر انتظامی کمیٹی عوامی مارچ چودھری محمود الاحد ، سیکرٹری انتظامی کمیٹی عبدالعزیز عابد ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف ، جماعت اسلامی صوبہ پنجاب کے ترجمان محمد فاروق چوہان ،خواتین رہنما جماعت اسلامی لاہور آمنہ ثاقب، انیلہ محمود، راشدہ شاہین ، نسیم اختر ،شاہدہ انصاری سمیت ودیگر قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پرقائدین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھنے والے حکمرانوں نے قوم کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے ۔ پاکستان کے معاشی اور قومی مسائل کا واحد حل قرآن وسنت کے نظام میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 16 جون بروز اتوار کومال روڈ پر آئی ایم ایف کی غلامی ، معاشی بدحالی ، کمر توڑ مہنگائی اور عوام دشمن بجٹ کے خلاف عوامی مارچ میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد شریک ہو گی ۔ مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سمیت جماعت اسلامی کی مرکزی ، صوبائی اور ضلعی قیادت کرے گی۔