شمالی علاقہ جات میں دریا میں گند پھینکنے والے ہوٹلوں کو سیل کرنے کی ہدایت

41

پشاور (آئی این پی) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر سیاحت عاطف خان اور وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے خیبر پختونخوا کی ضلعی انتظامیہ کو تمام سیاحتی مقامات پر قائم ہوٹلوں کو دریا میں گند پھینکنے سے روکنے اور صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریا کے کنارے موجود ہوٹلوں کو دریا میں گند پھینکنے سے فوری طور پر روکا جائے، تمام سیاحتی مقامات پر پلاسٹک شاپنگ بیگ کا استعمال روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، ڈپٹی کمشنران سیاحتی مقامات پر صفائی کے لیے عارضی طور پر اضافی اہلکار تعینات کریں۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر سیاحت عاطف خان اور وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں دیر، سوات، چترال، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے ڈپٹی کمشنرز اور تحصیل میونسپل آفیسرز (ٹی ایم اوز)نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیاحوں کو سہولیات اور تمام سیاحتی مقامات پر صفائی یقینی بنانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ شہرام ترکئی نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ دریا میں گند پھینکنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لے۔ دریا کے کنارے موجود ہوٹلوں کو دریا میں گند پھینکنے سے فوری طور پر روکا جائے۔ عاطف خان نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے ہوٹلوں کو سیل کرنے سمیت بھاری جرمانے بھی عائد کریں۔ شہرام ترکئی نے کہا کہ دریا کے کنارے غیر قانونی تعمیرات فوری طور پر روک دی جائیں۔ دریا کے کنارے تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کیا جائے۔ عاطف خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سیاحتی مقامات پر پیرا گلائیڈنگ، زپ لائننگ، چیئر لفٹ اور شیشے کے پل بنانے کے لیے جگہوں کی نشاندہی بھی کریں۔ تمام سیاحتی مقامات پر پلاسٹک شاپنگ بیگ کا استعمال روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سیاحتی مقامات پر صفائی کے لیے عارضی طور پر اضافی اہلکار تعینات کریں۔ تمام ٹی ایم ایز سیاحتی سیزن کے دوران صفائی کی صورتحال یقینی بنائیں۔ ناران اور کالام کے ہوٹل مالکان کے ساتھ مشاورت کر کے ایک مخصوص وقت پر روزانہ کچرا اٹھایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہوٹلوں کے کرایے اعتدال پر رکھنے کے لیے سہولیات کے حساب سے درجہ بندی کی جائے، جھیل سیف الملوک کی صفائی کے لیے خصوصی ٹیم بھجوائی جائے۔ عاطف خان نے ہدایت کی کہ دیر کی ضلعی انتظامیہ کمراٹ تک روڈ سمیت دیگر سیاحتی مقامات کی نشاندہی اور سہولیات کے لیے ترجیحات سے آگاہ کرے۔