کوئٹہ مختلف حادثات و واقعات میں دو بھائیوں سمیت 4 افراد جاں بحق

36

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ، ٹریفک حادثات میں دو بھائیوں سمیت چار افراد جاں بحق، دو زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ میں فائرنگ سے دو بھائی جاں بحق ہوگئے، پولیس کے مطابق واقعہ شہباز ٹائون میں پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار دو بھائیوں پر نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ سے 35 سالہ محمد صدام اور اس کا بھائی 29 سالہ محمد ظہیر موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کا عملہ موقع پر پہنچا، لاشیں سول اسپتال منتقل کیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق دونوں بھائیوں کو سر چھاتی اور چہرے پر گولیاں ماری گئی تھیں، لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق دونوں بھائیوں کا تعلق گلستان کے علاقے نورک سے تھا، محمد صدام لیویز میں ملازم تھا، دونوں بھائی پیشی کے لیے کوئٹہ آئے تھے کہ انہیں نشانہ بنایا گیا۔ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 10 خول ملے ہیں، جنہیں تحویل میں لے لیا گیا جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ قلات کے علاقے بدوزئی میں دو قبائل کے درمیان پرانی دشمنی پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی لاش اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ کوئٹہ میں ٹریفک کے دو مختلف حادثات کے دوران ایک بچہ جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔