سرگودھا کے چک نمبر99 میں خاندانی دشمنی کے تنازعات پر 2 نوجوان قتل

41

سرگودھا(اے پی پی)سرگودہا کے نواح میں دو مختلف واقعات کے دوران خاندانی دشمنی کے تنازعات پر 23 سالہ نوجوان سمیت 2 افراد کو قتل کردیا گیا۔ پہلا واقع سرگودھا کے نواحی چک نمبر 99 شمالی کے قریب پیش آیا جہاں پر ضلع کچہری سے پیشی کے بعد واپس اپنے گائوں جانے والے محمد رمضان کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اُتار دیا گیا۔ تھانہ صدر پولیس نے موقع پرپہنچ کر لاش قبضے میں لے لی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال سرگودھا منتقل کردیا گیا۔ اس کے علاوہ دوسرا واقع تحصیل ساہیوال کے نواح میںٹھٹھی ہرگن کے علاقے میں پیش آیا، جہاں پر 23 سالہ نوجوان محمد عمران اپنے گھر میں موجود تھا کہ ملزم محمد اسماعیل اور اس کے دو بیٹے واجد حسین اور عابد حسین مسلح ہوکر اُس کے گھر میں داخل ہوئے اور محمد عمران کے سامنے آنے پر اندھا دھندفائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں محمد عمران موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس تھانہ ساہیوال کے مطابق قتل سابقہ دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ پولیس تھانہ ساہیوال نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ فیصل آباد پولیس نے 24 گھنٹوں کے دوران آپریشن کریک ڈائون کے نتیجے میں 16 مجرمان و اشتہاری گرفتار کرلیے۔ فیصل آباد پولیس کے ترجمان انسپکٹر عامر وحید کے مطابق فیصل آباد پولیس نے ضلع بھر کے تھانوں کی حدود میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جرائم پیشہ افراد کیخلاف کی گئی کارروائیوں میں 16 مجرم و اشتہاری گرفتار کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور نمائش کرنے والوں کیخلاف کارروائیوں میں 15 عدد پستول، 1 بندوق قبضے میں لے کر متعلقہ افراد کیخلاف مقدمات کا اندراج بھی کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ منشیات فروشوں کیخلاف کریک ڈائون میں 2.804 کلو گرام چرس اور 285 لیٹر شراب برآمد کرتے ہوئے ملزمان گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمات درج اور ضابطے کی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تھانہ ٹھیکریوالہ پولیس نے دوران گشت ملزم عامر کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 30 لیٹر شراب برآمد کرکے اس کیخلاف مقدمہ تھانہ ٹھیکریوالہ، تھانہ سٹی جڑنوالہ پولیس نے مختلف جگہوں پر چھاپے مار کر ملزم دستگیر کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 60لیٹر شراب برآمد کرکے اس کیخلاف مقدمہ تھانہ سٹی جڑانوالہ اور تھانہ سمن آباد پولیس نے چھاپا مار کر ملزم عرفان کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 10لیٹر شراب برآمد کرکے اس کیخلاف مقدمہ تھانہ سمن آباد میں درج کرلیا۔