حکو مت کی جانب سے پیش بجٹ قابل تعریف ہے، عمران قریشی

27

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف حیدرآباد ڈویژن کے سینئر نائب صدر عمران قریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پی ٹی آئی کی حکو مت کی جانب سے پیش کیے جانے والا بجٹ قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کا قرضہ معاف کرانے اور کرپشن میں ملوث بااثر افراد کی تحقیقات کے لیے کمیشن کا قیام خوش آئند ہے جس سے اُن بدعنوان اور ملک دشمن عناصر بے نقاب ہوں گے جو برسہا برس سے ملک کی دولت کو لوٹ کر اپنی جائیدادیں بنارہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام کو متحد ہوکر حکومت کا ساتھ دینا ہوگا تاکہ اُن کرپٹ مافیا اور سیاستدانوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے جو برسہا برس سے اس ملک کے وسائل کو لوٹ رہے ہیں اور پاکستان کو بدحالی میں مبتلا کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو معاشی بدحالی، قرضے، بے روزگاری ورثے میں ملی ہے اور اس کے خاتمے کے لیے وزیراعظم عمران خان بھرپور کوشش کررہے ہیں۔ جلد ہی ملک کی معیشت اپنے پیروں پر کھڑی ہوگی کیونکہ جس طرح کرپشن کو روکا گیا ہے اور عوام کو ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے اس سے یہ اندازہ لگانا آسان ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت تمام بگڑے ہوئے معاملات کو جلد سے جلد بہتر بنانا چاہتی ہے اور اسی کے لیے جدوجہد کی جارہی ہے۔