خالی پوسٹوں پر سینئر افسران کے پروموشن کیے جائیں، شکیل احمد

35

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اسٹاف ویلفیئر ایسو سی ایشن کے صدر شکیل احمد شیخ، نائب صدر سکندر منگی، جنرل سیکرٹری جاوید خان، فنانس سیکرٹری نجم الدین راجٹر، آفس سیکرٹری حسین خان، عبدالرسول چنا، ایوب شیخ، خادم چانڈیو، فاروق باوجوہ، غلام محمد عباسی، سید نقی الحسن، فرخ احمد خان و دیگر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے محکمہ PHE کی اسکیموں، فلٹر پلانٹوں کو بہتر کرنے اور واٹر سپلائی کی بہتری کے لیے افسران کے ساتھ خصوصی میٹنگ پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر شکیل احمد شیخ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی خالی پوسٹوں پر سینئر افسران کے فوری پروموشن کیے جائیں تا کہ وہ بہتر انداز سے کام کرسکیں، محکمہ سے OPS کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور اہل افسران کو ترقیاں دے کر تعینات کیا جائے، بغیر کسی سیاسی دبائو کے تا کہ وہ بہتر انداز سے محکمہ کی واٹر سپلائی اور ڈرینج اسکیموں، فلٹر پلانٹ، RO پلانٹ کو بہتر طریقے سے چلانے کے لیے حکمت عملی بناسکیں لیکن بدقسمتی سے ضلعی انتظامیہ کے افسران محکمہ کے افسران پر دبائو ڈال کر غلط فیصلہ کروانے پر مجبور کررہے ہیں جس کی وجہ سے افسران میں خوف کی فضاء پھیلی ہوئی ہے۔ لہٰذا ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ محکمے کو سیاست سے پاک کیا جائے، افسران کو بغیر کسی سیاسی دبائو کے کام کرنے کا موقع دیا جائے تا کہ وہ اپنے متعلقہ ڈویژن آفس میں ضلع اور صوبے کے عوام کے لیے بہتر خدمات انجام دے سکیں اور حکومت کے پیسوں کو صحیح اور جائز امور میں خرچ کرسکیں بصورت دیگر محکمہ پر جو بھاری اور اہم ذمے داری واٹر سپلائی اور سیوریج کی ہے، اس میں اندیشہ ہے کہ تعطل پیدا ہوجائے۔