چائلڈلیبرمعاشرے کابدنماداغ ہے، غلام مرتضیٰ بلوچ

39

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) صوبائی وزیر برائے محنت اور افرادی قوت غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر معاشرے کے لیبر ایک بدنما داغ ہے اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے ہر سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ جبکہ محکمہ محنت سندھ نے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ یہ بات آج انہوں نے چائلڈ لیبر ڈے کے حوالے سے منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع جامشورو کو چائلڈ لیبر فری ضلع قرار دیا گیا ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے ڈائریکٹر لیبر کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس بھی تشکیل دی گئی ہے جو جامشورو کو چائلڈ لیبر فری ضلع بنانے کو یقینی بنائے گی۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ تمام فیکٹریوں اور متعلقہ اداروں کو اس بات کا پابند بنایا جارہا ہے کہ وہ کم عمر بچوں کو ملازم نہ رکھیں اور اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ چائلڈ لیبر قوانین کی خلاف ورزی نہ کی جائے اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔