خصوصی طلبہ کوجامعات اور کالجوںمیں اسکالر شپ دی جائے ‘نویدقمر

27

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ خصوصی طلبہ کا حوصلہ بڑھانے کے لیے یونیورسٹیز اور پروفیشنل کالجز کو ان طلبہ کو فری شپ دینے کی ضرورت ہے کیونکہ ان کے اس عمل سے خصوصی طلبہ نہ صرف اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں گے بلکہ ایک بہتر اور خودمختار زندگی بھی بسر کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ بحالی خصوصی افراد خالد چاچڑ، ایڈیشنل سیکرٹری ابوبکر اور ڈپٹی سیکرٹری شاہ زیب شیخ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ بحالی خصوصی افراد صوبے کی یونیورسٹیز اور پروفیشنل کالجز کو مراسلہ ارسال کرے گا جس میں ان اداروں سے درخواست کی جائے گی کہ وہ خصوصی طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں فری شپ کی سہولت فراہم کریں تاکہ وہ باآسانی اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں۔ سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ یہ بات باعث مسرت ہے کہ کراچی یونیورسٹی نے خصوصی طلبہ کو فری شپ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ سندھ کی دیگر یونیورسٹیز اور پروفیشنل کالجز اس اعلیٰ مثال کی پیروی کریں کیونکہ ان کے اس عمل سے خصوصی طلبہ اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع حاصل کرسکیں گے۔