رواں برس ٹیکس اہداف کا 94 فیصد وصول کیا ‘مکیش چاولہ

28

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے رواں مالی سال کے دوران اب تک ٹیکس اہداف کا 94 فیصد سے زائد ٹیکس وصول کرلیا ہے۔ اب تک مجموعی طور پر رواں مالی سال کے دوران جولائی 2018 ء سے مئی 2019 ء تک 69461.105 ملین روپے ٹیکس وصول کیا ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران اسی مدت کے دوران 60448.321 ملین روپے وصول کیے گئے تھے۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات عبد الرحیم شیخ، ڈائریکٹر جنرلز شبیر احمد شیخ شعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شبیر احمد شیخ نے بتایا کہ 6662.044 ملین روپے موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں، 55607.314 ملین روپے انفرااسٹرکچر سیس کی مد اور 369.301 ملین روپے پروفیشنل ٹیکس کی مد میں وصول کیے گئے۔ مکیش کمار چاولہ نے ٹیکسز کی وصولی کی مجموعی صورتحال پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران کو ہدایت کی کہ وہ 30 جون سے قبل ہی اپنے ٹیکس اہداف سو فیصد سے زائد وصول کرلیں۔