اسد قیصر آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں‘ پی پی

29

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر غیر جانبداری ظاہر کرتے ہوئے زرداری کے پروڈکشن آرڈرز جاری کریں‘ سابق حکومت کی معاشی پالیسیوں کی پیپلز پارٹی کے مشیرخزانہ سے معلومات لی جائیں۔ پی پی پی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، چودھری منظور احمد اور ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ مشروط ہے کیونکہ اس کی منظوری سے آئی ایم ایف سے معاہدہ ممکن ہوگا اور عوام سے کتنا جھوٹ بولا جائے گا‘ تمام اشیائے ضرورت پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے‘ سرکاری ملازم، کاشتکار، صنعت کاراور برآمد کندگان سب پریشان ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے قرضوں کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے وہ کمیشن بناکر شوق پورا کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو اپنی غیر جانبداری ظاہر کرنا ہوگی‘ اور زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں‘ ہم نے18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو حقوق دیے اور وفاق کو مضبوط کیا ۔ انہوں نے کہا کہ این آر او ہماری نہیں مشرف کی ضرورت تھا مگر عدلیہ نے اس کی مخالفت کی اور ہمارے سارے کیسز بحال ہوئے پیپلز پارٹی کے کسی بندے نے این آر او نہیں لیا۔