عمران خان نے قومی وقار آئی ایم ایف کی دہلیز پر ڈھیر کردیا،لیاقت بلوچ

107

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیاسی پارلیمانی امور کے ذمے دار لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حالیہ بجٹ عمران خان حکومت کا نہیں ، عمران خا ن نے قومی معیشت اور وقار آئی ایم ایف کی دہلیز پر ڈھیر کردیاہے ۔ بجٹ آئی ایم ایف کی ٹیم نے آئی ایم ایف سے بدترین خفیہ معاہدے کی روشنی میں قوم پر مسلط کردیاہے ۔ عملاً قومی بجٹ میں تمام فوائد آئی ایم ایف کے لیے ہیں ۔ ٹیکسوں کی بھر مار سے عوام کی جیبوں میں موجود ہر سکہ چوری کر لیا جائے گا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ قومی بجٹ میں ٹیکسوں کی بھر مار انسانی زندگی کی ہر شے کی قیمت میں اضافے کا باعث بنے گی ۔ دہرے تہرے ٹیکس دینے والے عوام آئی ایم ایف کے ظالمانہ احکامات کا شکار ہو گئے ہیں ۔ جبری بھتا خوری ریاستی آلہ بن گیاہے ۔ سالانہ میزانیے سے پیداواری لاگت اور زیادہ بڑھے گی ۔ قومی صنعت کا پہیہ چلنے سے معذور ہوگا ۔ صنعت ، زراعت ، تجارت کو غیر منافع بخش بنادیا گیاہے ۔ مہنگائی بے روزگاری کے بم پھٹیں گے ، عوامی ردعمل خوفناک ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ 16جون کو لاہور میں عوام دشمن بجٹ ، مہنگائی ، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف زبردست عوامی مارچ ہوگا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی نے 19 جون کو اسلام آباد میں قومی بجٹ کانفرنس کا فیصلہ کیاہے ۔ اسلامی معاشی نظام اور عوامی ریلیف کے لیے ماہرین اور تمام اسٹیک ہولڈر ز کی تجاویز کی روشنی میں قومی معاشی چارٹر دیا جائے گا ۔