شرجیل میمن کے فارم ہاؤس پر نیب کا چھاپا، دستاویز قبضے میں لے لیں

53

ٹنڈوجام (نمائندہ جسارت) نیب ٹیم کا رکن سندھ اسمبلی اور سابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن کے فارم ہاؤس پر چھاپا، سیکورٹی گارڈ فرار، نیب ٹیم نے فارم ہاؤس کی تلاشی اور پیمائشی فائلز اپنے قبضے میں لے لیں۔ تفصیلات کے مطابق نیب ٹیم نے ٹنڈوجام راہوکی پر موجود شرجیل میمن کے فارم ہاؤس جو ان کے بیٹے راول کے نام سے منسوب ہے پر چھاپا مارا اور فارم ہاؤس کے تمام گیٹ بند کراکے فارم ہاؤس کی تلاشی لی گئی اور اس کی پیمائش بھی کی گئی اور وہاں موجود ملازمین سے بھی پوچھ گچھ کی گئی اور مختلف کمروں کی تلاشی کے دوران وہاں پر موجود فائلوں کو نیب ٹیم اپنے ساتھ لے گئی۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ فارم ہاؤس کو الیکشن کمیشن کے فارم میں ظاہر کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فارم ہاؤس کی مالیت کا اندازہ لگانے کے لیے یہ کارروائی کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے فارم میں جو مالیت ظاہر کی گئی ہے وہ اس کے مطابق ہے کہ نہیں۔ واضح رہے کہ شرجیل میمن کا فارم ہاؤس اس وقت پیپلز پارٹی کے ہیڈ کوارٹر کے طور پر بھی استعمال ہوتا ہے اور ٹنڈوجام کے حلقے سے کامیاب ایم این اے طارق شاہ جاموٹ اور شرجیل انعام میمن کے کوآرڈینٹر یہاں ہی بیٹھتے ہیں اور بلدیاتی تعلقے رکھنے والے چیئرمینز بھی عوامی مسائل کو سننے کے لیے یہاں ہی زیادہ تر بیٹھتے ہیں۔