حکومت بجٹ کی حمایت پربی این پی مینگل کو منانے میں ناکام

63

اسلام آباد(آئی این پی)حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف وفاقی بجٹ منظور کرانے کے لیے حکومتی اتحاد میں شامل بلوچستان نیشنل پارٹی(بی این پی)مینگل کو منانے میں ناکام ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے وزیر دفاع پرویز خٹک کی قیادت میں وفد کی ملاقات پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں ہوئی۔بی این پی کے سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی،ایم این اے آغا حسن بلوچ اور ہاشم نوتیزئی نے بی این پی جبکہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری اور محمد شہزاد ارباب حکومتی وفد میں شامل تھے۔وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں حکومتی وفد نے سردار اختر مینگل کی زیر قیادت بی این پی کے وفد سے ملاقات میں انہیں منانے کی بھرپور کوشش کی، بی این ہی نے اپنے 6 نکات پر عمل درآمد کے لیے ٹھوس یقین دہانی مانگ لی ہے،اختر مینگل نے حکومتی وفد سے گفتگو میں کہا کہ ایک سال مکمل ہونے کو ہے ابھی تک 6 نکات پر عمل درآمد کا آغاز ہی نہیں ہوسکا۔ذرائع کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے بی این پی کے وفد کے سامنے کہا کہ تسلیم کرتے ہیں کہ مطالبات پورے نہ کر سکے۔اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ بی این پی نے حکومتی وفدکے سامنے بجٹ کی حمایت کی یقین دہانی سے معذرت کرلی ہے،بلوچستان نیشنل پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد نے مشاورت کے بعد دوبارہ ملاقات کا کہاہے۔