شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس آج سے کرغیزستان میں شروع

39

اسلام آباد (اے پی پی) شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کا 19واں سربراہ اجلاس (آج) جمعرات کو کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شروع ہو گا۔رکن ممالک کے 2 روزہ سربراہی اجلاس میں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن، چین کے صدر زی جن پنگ، پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان اور بھارتی وزیر اعظم نریند مودی سمیت رکن ملکوں کے دیگر سربراہان شرکت کریں گے۔ چین اور امریکا کے درمیان عالمی تجارتی جنگ کے اس موقع پر ایس سی او کا سربراہی اجلاس خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔اس کے علاوہ اجلاس کے دوران عالمی تجارتی جنگ، ایران، روس پر امریکی پابندیاں، دہشت گردی اور پاک بھارت تعلقات سمیت دیگر امور زیر بحث لائے جائیںگے۔ اجلاس کے موقع پر 14جون کو وزیر اعظم عمران اور روس کے صدر ولادیمیر پوٹن کے مابین ملاقات ہوگی جو پاکستان کے لیے بڑی سفارتی کامیابی ہے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق روسی سفارتخانے نے پاکستانی دفتر خارجہ کو دو نوں رہنمائوں کے مابین باضابطہ ملاقات سے آگاہ کر دیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود ہوںگے۔