زرداری کیخلاف تمام کیسز ن لیگ کے دور میں بنے،صمصام بخاری

31

لاہور (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ زرداری جن کیسز میں گرفتار ہوئے ہیں وہ تمام نون لیگ کے دور کے ہیں۔نون لیگ کی حکومت نے اپنے دونوں ادوار میں زرداری کو جیل بھجوایا۔ نون لیگ والے اب عوام کو کیسے بتائیں کہ زرداری کے خلاف یہ کیسز انہی کے دور میں بنے ہیں۔ کرپٹ عناصر ایک دوسرے کے پیچھے چھپ کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نیب ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے جس کے موجودہ چیئرمین کا انتخاب لیڈر آف دی ہائوس اور لیڈر آف دی اپوزیشن نے متفقہ طور پر کیا ۔حمزہ شہباز کی ضمانت منسوخ ہوئی ہے تو عدالت کے حکم پر ہوئی ہے۔ عدالتیں جانیں اور یہ لوگ۔ حکومت کا اس معاملے سے سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔ اگر یہ لوگ جمہوری روایات پر یقین رکھتے ہیں تو اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کریں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے اپنے دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صمصام بخاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور نون لیگ کا اتحاد ان ہولی الائنس ہے۔ یہ چارٹر آف ڈیموکریسی نہیں بلکہ چارٹر آف پروٹیکشن آف کرپشن ہے۔ پی ٹی آئی احتساب کا مینڈیٹ لے کر آئی تھی، ہم انصاف کی راہ میں رکاوٹ بنیں گے نہ کسی کو بننے دیں گے۔ اب ریڑھی والا ہو یا وزیر اعظم سب کے لیے ایک ہی قانون ہے۔ ایک سوال کے جواب میں صمصام بخاری نے کہا کہ الطاف حسین کی گرفتاری خوش آئند ہے۔ وہ پاکستان کے نہیں بلکہ برطانیہ کے شہری ہیں۔ا سکاٹ لینڈ یارڈ نے انہیں نفرت آمیز تقاریر اور منی لانڈرنگ کے الزامات پر گرفتار کیا ہے جو اچھی بات ہے۔