نواز اور زرداری کی جیل یاترا انتخابی نعروں کا اہم باب تھا،فواد چوہدری

55

اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نوازشریف کی جیل یاترا پی ٹی آئی کے انتخابی وعدوں کا اہم ترین باب تھا‘ 10 سال میں اربوں روپے کی ہیر پھیر کرنے والے گروہوں کے سرغنہ جیل پہنچے‘ یہ معمولی بات نہیں‘ اب اگلا مرحلہ ریکوری کا ہونا چاہیے جہاں وہ رقوم جو ملک سے باہر ٹھکانے لگائی گئی ہیں وہ واپس آئیں‘ احتساب سب سے لیے برابر ہے اور بلا تفریق احتساب ہو رہا ہے‘ نواز شریف، آصف زرداری، حمزہ شہباز کی گرفتاری پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام اور اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز پر الزام ہے کہ انہوں نے 2 کروڑ 60 لاکھ روپے پہلے پاکستان سے باہر بھیجے اور پھر یہ رقم واپس منگوائی اور ایک قانون لایا گیا کہ باہر سے پاکستان آنے والے پیسوں کے بارے میں نہیں پوچھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج آصف زرداری، نواز شریف اور حمزہ شہباز گرفتار ہیں اور ان کے اپنے حمایتی یہ نہیں کہہ رہے کہ انہوں نے کرپشن نہیں کی بلکہ یہ کہہ رہے کہ انہیں پی ٹی آئی حکومت کے دبائو پر گرفتار کیا گیا جبکہ یہ وہ مقدمات ہیں جو ہماری حکومت سے پہلے شروع ہوئے تھے۔ آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ کا پیسہ پہلے مختلف اکائونٹس میں گیا‘ ایف آئی اے نے 5 ہزار اکائونٹس کو دیکھا جس سے معلوم ہوا کہ سارا پیسہ31 اکائونٹس میں جا رہا ہے اور یہ سارے اکائونٹس زرداری اور بلاول ہائوس سے منسلک تھے‘ یہ پیسہ دبئی، لندن، افریقا اور فرانس جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ایک دوسرے کے لیڈر کو گرفتار کیا تو کوئی احتساب نہیں ہوا بلکہ ڈیل ہوئی اور یہ لوگ باہر آگئے لیکن اب پہلی مرتبہ مضبوط احتساب کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ یہ بنیاد رکھنا اس لیے ضروری تھی کیونکہ تحریک انصاف کا وعدہ تھا کہ ہم ایک طاقتور احتساب کی بنیاد رکھیں گے اور اگر ہم یہ بنیاد نہیں رکھتے تو ہم اپنے ووٹرز سے بے وفائی کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن بجٹ پر تنقید کر رہی ہے لیکن یہ بتائیں کہ جس گھر کو لوٹ کرچلے گئے وہی لٹیرے شور مچا رہے ہیں‘ زرداری اور شریف خاندان نے پاکستان کو اپنا گھر نہیں سمجھا اور جو سلوک انہوں نے کیا وہ دشمن بھی نہیں کرتے‘ پاکستان کے لوگوں نے ان خاندانوں کو عزت دی‘ ووٹ دیے لیکن انہوں نے اسی گھر میں لوٹ مار کی‘ آصف زرداری، نواز شریف اور حمزہ شہباز کی گرفتاری پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہے‘ اتنے بڑے ڈاکو و سرغنہ پکڑے جائیں گے تو باقی کسی کی جرأت نہیں ہوگی۔