نااہلی، ناتجربہ کاری کا وقت نہیں، سرمایہ کاری بحال کی جائے، فاروق ستار

65

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستا ن بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت ایک بھی معاشی ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی، اس وقت سرمایہ کاری کے عمل کو بحال اور تیز کرنے کی ضرورت ہے، سرمایہ کاری سے لوگوں کو روزگار ملے گا، ملک کی ترقی کی شرح نمو میں اضافہ ہوگا، غربت ختم ہوگی، اب نااہلی ناتجربہ کاری کا وقت نہیں ہے، میں گارنٹی کے ساتھ کہتا ہو ںکہ میرے مشورے کارآمد ثابت ہوں گے اور وسائل کہاں سے آئیں گے یہ بھی بتاؤں گا، میرے وفد کو موقع دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کراچی پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ بجٹ سے پہلے شیڈو بجٹ کا اعلان کیا ہے، سابق پارلیمینٹیرین ہونے کے ناطے سے معیشت اور بجٹ پر میری اور ساتھیوں کی نظر رہی ہے، وفاقی حکومت کھلے کانوں اور کھلے ذہن سے توجہ دے کہ ملک کس حال میں ہے۔ عوام شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ مہنگائی اور بیروزگاری نے نہ صرف عوام کی کمر توڑ دی ہے بلکہ انہیں زندہ درگور کر دیا ہے۔ وزیراعظم، مشیر مالیات حفیظ شیخ اور ایف بی آر چیئرمین شبر زیدی کے سامنے تجاویز رکھنا چاہتے ہیں کہ اس وقت سرمایہ کاری کے عمل کو بحال و تیز کرنے کے ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔