غیر رجسٹرڈ مزدور وں کا مسلسل استحصال ہورہاہے، جماعت اسلامی

50

لاہور(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کی قائمہ کمیٹی برائے لیبر امور کا خصوصی اجلاس منصورہ میں نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو کی صدارت میں ہوا ۔ اجلاس میں صدر نیشنل لیبر فیڈریشن شمس الرحمن سواتی ، حافظ سلمان بٹ ، انجینئر عظیم احمد رندھاوا ، چودھری افتخار ندیم ، خالد بخاری اور محمد امین منہاس نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ گندم ، چاو ل ، کپاس ، گنا اور دیگر اجناس کی پیداوار میں مسلسل کمی پالیسی سازوں کی نااہلیت اور مفاد پرستی کی سزا غریب مزدور اور کسان کو بھگتنا پڑ رہی ہے ، لاکھوں کی تعداد میں غیر رجسٹرڈ مزدور پہلے ہی بری طرح پس چکے ہیں ان کا مسلسل استحصال ہورہاہے ، انہیں تنخواہ کا یقین ہے نہ اوقات کار کا کوئی ٹائم ٹیبل اور نہ ہی ان کو ملازمت کا تحفظ اور سوشل سیکورٹی حاصل ہے ۔انہوں نے حکومت کے اقتصادی سروے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا اور کہاکہ حکومت کی اب تک کی معاشی پالیسیاں بری طرح ناکام ہوئی ہیں ۔ صنعت ، زراعت اور دیگر شعبوں کی بدحالی کی وجہ سے فی کس آمدنی اور قوت خرید میں کمی ہوئی ہے اور غربت و بے روزگاری میں اضافہ ہواہے ۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کے قرضوں سے بجلی ، گیس او ر تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے سے پیداواری لاگت بڑھے گی جس سے مہنگائی کا طوفان آئے گا ۔ بجٹ میں نئے ٹیکسوں کی بھر مار سے مہنگائی میں کئی گنا اضافہ ہوگا ۔ برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافے سے قیمتی زر مبادلہ خرچ ہوگا اور ڈالر کی مانگ مزید بڑھے گی ۔