خزانہ لوٹنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا ہونا ہوگا، عمر سرفراز چیمہ

39

اسلام آباد (اے پی پی) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ ہم مسلسل کہہ رہے ہیں کہ قوم کی لوٹی گئی دولت واپس کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں جس کسی نے قومی خزانے پر ہاتھ صاف کیے ہیں اسے کٹہرے میں کھڑا ہونا ہوگا، حمزہ شہباز کی گرفتاری خود ان کے اعمال کا نتیجہ ہے، حمزہ شہباز کرپشن کے اس نیٹ ورک کا حصہ ہیں جو ان کے والد اور تایا نے زرداری صاحب سے مل کر بنایا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہی۔ حمزہ شہباز کی گرفتاری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ پاکستان کو درپیش سنگین معاشی مشکلات میں وسائل کی لوٹ مار کا کلیدی کردار ہے۔ قوم چاہتی ہے کہ پاکستان کو اس دلدل میں دھکیلنے والے کرپٹ کرداروں کا سخت احتساب کیا جائے۔ چوری اور لوٹ مار کے شواہد اتنے ٹھوس ہیں کہ تگڑے ترین وکلا کی ٹیمیں بھی ان لوگوں کو بچا نہیں پا رہیں۔ دونوں خاندانوں نے آج تک اپنی صفائی میں ایک کاغذ کا ٹکڑا بھی پیش نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر اس معاملے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دونوں مل کر حکومت اور اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔