فریال تالپور کی عدم حاضری پر اسلام آباد ہائی کورٹ برہم

75

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس سے منسلک انکوائری میں سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست نمٹا دی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں فریال تالپور کی ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست پر سماعت جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی۔ فریال تالپور عدالت میں پیش نہ ہوئیں جس پر عدالت نے فریال تالپور کی عدم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ فریال تالپور کے وکیل نے موقف اپنایا کہ وہ بہت بیمار ہیں، آج حاضری سے استثنا دیا جائے۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ یہ کیا طریقہ ہے؟ ان کو پیش ہونا چاہیے‘ فریال تالپور کی میڈیکل رپورٹ کدھر ہے؟ ایسے نہیں مانیں گے‘ فریال تالپورکو پیش کریں۔ عدالت کاختم ہونے سے پہلے فریال تالپور پیش ہوگئیں تومعاملہ دیکھ لیں گے۔ فریال تالپور کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست نمٹا دی۔