زرداری کو لگی ہتھکڑی نیازی کی سیاسی موت کا پھندا ثابت ہوگی، نیر بخاری

26

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو لگنے والی ہتھکڑی عمران نیازی کی سیاسی موت کا پھندا ثابت ہوگا۔ نیئر بخاری کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان کے دشمن یاد رکھیں آصف علی زرداری 11 سال جیل میں گزار کر نہیں ڈرا۔ خود کسی کی بیساکھیوں پر کھڑے ہونے والے مرد حُر کو گرفتار کر کے کیا ڈرائیں گے؟ حکمران اپنے منہ پر جتنی کالک مل سکتے ہیں مل لیں، آصف علی زرداری ہمیشہ کی طرح سرخرو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی غیر جمہوری قوتوں کے سامنے مضبوط دیوار ہے۔ سلیکٹڈ وزیراعظم اور ذاتی ملازمین کا گروہ گھبراہٹ کا شکار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے اندر ریاست بنانے والے حکمران بہت پچھتائیں گے۔ بھٹو خاندان اور پیپلز پارٹی کو آمر نہیں جھکا سکے توان مانگے تانگوں کی کیا حیثیت ہے؟۔ چیئرمین پی پی پی بلاول زرداری پارلیمنٹ میں توانا اور مؤثر قومی، عوامی اور جمہوری آواز ہیں۔ بلاول کو آئینی، جمہوری، انسانی اور معاشی حقوق کی پامالی کی خلاف ورزیوں پر خاموش نہیں رکھا جاسکتا۔ ڈری سہمی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔