عدالت عظمیٰ ‘وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی کی درخواست ضمانت خارج

30

اسلام آباد ( آن لائن ) عدالت عظمیٰ نے وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی ڈاکٹر اکرم چودھری کی درخواست ضمانت خارج کردی ہے۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ کو مقدمے کا ٹرائل جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کردی۔ مقدمے کی سماعت جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت نیب وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وائس چانسلر نے لاہور اور منڈی بہا الدین کیمپس کی غیر قانونی منظوری دی۔ یونیورسٹی میں اشتہار کے بغیر 369 غیر قانونی بھرتیاں بھی کی گئیں۔ ان کیمپس میں طلبہ سے زیادہ فیسیں لی گئیں، وائس چانسلر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 159 بھرتیوں کا اختیار وائس چانسلر کا تھا جبکہ 210 دیگر بھرتیوں کی منظوری سینڈیکیٹ نے دی۔ طالب علموں سے وصول کی جانے والی فیسوں میں سے میرے موکل کو کوئی حصہ نہیں ملا۔ عدالت نے وائس چانسلر ڈاکٹر اکرم چودھری کی درخواست ضمانت خارج کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو مقدمے کا ٹرائل جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا ہے۔